ٹریفک میں خلل، وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام، کسانوں کا الزام
بودھن /28 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مؤثر برقی سربراہی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج دوپہر کسانوں کی بھاری تعداد نے مہاراشٹرا بائی پاس روڈ بودھن پر تقریباً دو گھنٹوں تک احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے ٹریفک معطل کردیا۔ اس اہم شاہراہ پر راستہ روکو احتجاج کے سبب پولیس کو ٹریفک بحال کرنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کی قیادت کرنے والے کانگریس قائد و صدر نشین منڈل پریشد بودھن گنگا شنکر نے بتایا کہ برقی سربراہی میں بار بار خلل کے باعث کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے بلاناغہ کسانوں کو 9 گھنٹے برقی سربراہی کا وعدہ کیا تھا، تاہم برسر اقتدار آنے کے بعد اپنا وعدہ فراموش کردیا۔ انھوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی بودھن کے کسان اپنی کھڑی فصلوں کو بچانے کے لئے دن رات پانی کے حصول کے لئے پریشان ہیں، لیکن مقامی رکن اسمبلی شکیل عامر کسانوں کے مسائل پر توجہ دینے قاصر ہیں۔ دریں اثناء احتجاج کی شدت دیکھ کر سرکل انسپکٹر بودھن رام کرشنا نے اے ڈی الکٹریسٹی مسٹر رگھو کو طلب کرکے مسائل کی یکسوئی کے لئے اقدامات کرتے ہوئے احتجاج ختم کروانے کی خواہش کی۔ اے ڈی نے ایس ای ضلع نظام آباد سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے بودھن منڈل کے مواضعات پکڑ پلی، چنا ماوندی اور سالورہ کے کسانوں کے مسائل سے ضلع سپرنٹنڈنٹ انجینئر الکٹریکل کو واقف کرواتے ہوئے مزید احکامات کی اجرائی کی درخواست کی۔ ایس ای نے راست منڈل پریسیڈنٹ گنگا شنکر سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے انھیں تیقن دیا کہ روزانہ بلاناغہ مسلسل پانچ گھنٹے مذکورہ دیہی علاقوں کے ٹرانسفارمرس کے ذریعہ کسانوں کو برقی سربراہ کی جائے گی۔ ایس ای کے تیقن کے بعد کسانوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔ اس احتجاج میں اچن پلی کے کانگریس سرپنچ ویرا بھدراراؤ کے علاوہ بی جے پی اور ٹی ڈی پی قائدین و سرگرم کارکنوں نے بھی حصہ لیا۔