بیداری پروگرام ضروری، کریم نگر میں جائزہ اجلاس سے کلکٹر کا خطاب
کریم نگر۔/5 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تغذیہ سے بھرپور غذا کی فراہمی پر ہی بچے، لڑکیاں اور خواتین مکمل طور پر صحت مند رہ سکتے ہیں۔ کلکٹر سرفراز احمد نے خیال ظاہر کیا۔ اس سلسلہ میں گھر گھر پہنچ کر تشہیر کرنے کی ضرورت ہے۔ کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں پوشن ابھیان کے تحت میڈیکل اینڈ ہیلت ترقی وغیرہ شعبہ جات سے وابستہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پرکلکٹر سرفراز احمد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے ماہ ستمبر میں قومی پوشنا کا اعلان کیا ہے، اس ماہ میں پوشیکا آہار ( تغذیہ سے بھرپور غذا ) پینے کا صاف پانی اور صفائی پر گھر گھر پہنچ کر تشہیر کے ذریعہ شعور بیداری کی ضرورت ہے بالخصوص خواتین واطفال کی بہبود کی ضرورت پر زور دیا۔ محکمہ بہبود خواتین و اطفال کی جانب سے روبہ عمل پراجکٹ واری آنگن واڑی ٹیچرس کیلئے بھی تربیتی پروگرام شروع ہوگا۔ حاملہ خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو تغذیہ بخش غذاؤں کی افادیت سے واقف کروایا جائے اور ایسی غذاؤں کی فراہمی کی کوشش بھی کی جائے۔ آشا ورکرس، اے این ایم مواضعات کی حاملہ خواتین کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت طبی امداد کے بارے میں معلومات فراہم کی جائے ۔ سیوا شکتی سنگھموں سے وابستہ خواتین کو تغذیہ بخش غذا اور صحت و صفائی کے علاوہ آس پاس کے ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کیلئے شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔ بیت الخلاؤں کا استعمال کرنے کی انہیں ترغیب دی جائے کھلے مقامات اور جھاڑیوں میں حاجت ضروریہ سے باز آنے کی تلقین کی جائے۔ اس موقع پر کلکٹر کے ہاتھوں گھر گھر تغذیہ بخش غذا کے تعلق سے شائع شدہ پمفلٹ کی رسم اجرائی عمل میں آئی۔ اس اجلاس میں ویلفیر آفیسر شاردا، مختلف محکمہ جات کے عہدیداران وینکٹیشم ، پون کمار، سجاتا، وینکٹیشورراؤ ، جئے شنکر، کشن سوامی، بھدریا وغیرہ موجود تھے۔