برقراری امن کیلئے پولیس کی فرض شناسی ضروری

کریم نگر۔/29نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں پولیس فرض شناسی کے ساتھ خدمات کی انجام دہی کی وجہ سے نظم و ضبط برقرار ہے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ کریم نگر رینج انچارج ورنگل رینج ڈی آئی جی بی ملا ریڈی نے واقف کروایا۔ سالانہ تنقیح کے سلسلہ میں کریم نگر ضلع پولیس ہیڈکوارٹرس کی انہوں نے تنقیح کی۔ قبل ازیں پولیس گراؤنڈ میں آرمڈ ریزرو پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ بعد ازاں ڈی آئی جی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوںکو روکنے میں ضلع پولیس نے جس طرح سے خدمات انجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط کی پابندی اور ذمہ دارانہ و فرض شناسی کے ساتھ ڈیوٹی پر متعین رہنے میں ضلع کی پولیس نے مثال قائم کی ہے میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کی انجام دہی میں محکمہ جاتی مسائل اور دشواریاں ہوں تو راست میرے علم میں لایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف نکات اور شعبہ جات میں مظاہرہ کرنے والے ضلعی پولیس ریزرو پولیس خدمات پر انعامات کا اعلان کیا۔ پولیس انتظامیہ دفتر کا بھی انہوں نے معائنہ کیا۔ ریپٹلہ برانچ ڈی سی آر پی شعبہ کی تنقیح کی ۔ اس پروگرا م میں ضلع ایس پی وی شیوا کمار، ایڈیشنل ایس پی بی جناردھن ریڈی، او ایس ڈی ایل سبا رائیڈو، ڈی سی آر مرلی، ڈی ایس پی سنجیوا راؤ، ایس بی آئی سرینواس راؤ، ریزرو سب انسپکٹر گنگادھر، وائی ریڈی، ششی دھر نے شرکت کی۔