برطانیہ کا ’جہادی‘ شہریوں کو روکنے کے اقدامات پر غور

لندن ، یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی حکومت ایسے اقدمات پر غور کر رہی ہے جن کے تحت عراق اور شام میں پرتشدد کارروائیوں میں مصروف برطانوی مسلمان جہادیوں کی ملک واپسی کو روکا جا سکے گا۔ برطانوی نشریاتی ادارہ کو معلوم ہوا ہے کہ برطانوی حکومت ایسے اقدامات پر سرگرمی پر غور کر رہی ہے جس کے تحت ایسے برطانوی شہریوں کو کچھ عرصے کے لیے ملک میں واپس آنے سے روکا جا سکے گا جو بیرون ملک شدت پسند کارروائیوں میں شامل رہے ہوں۔ البتہ ان اقدامات کے تحت ان برطانوی شہریوں کی شہریت ختم نہیں کی جائے گا لیکن ایسے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ یہ جہادی برطانیہ میں سکیورٹی کی صورتحال خراب کرنے کا باعث نہ بن سکیں۔ برطانوی حکام کے مطابق پانچ سو کے قریب برطانوی شہری عراق اور شام میں شدت پسند تنظمیوں کے ہمراہ پرتشدد کاررائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ حکومتی اہلکاروں نے 69 ایسی گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے جو شام میں ’جہاد‘ سے متعلق تھیں۔ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرن ممکنہ طور پر دوشنبہ کو برطانوی دارالعوام میں جہادی شہریوں کے خطرے سے نمٹنے کے اقدامات کا اعلان کریں گے۔