برطانیہ میں طیارہ کا حادثہ، 2 افراد ہلاک

لندن۔ 30؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایک ہلکے تربیتی طیارہ کو ایک کھیت میں حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے یہ طیارہ برطانیہ کے دیہی علاقہ میں شعلہ پوش ہوگیا، 2 افراد بشمول پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ یارک 52 طیارہ کوکس مل کے علاقہ میں جو ایسکس کے قریب ہے، ایک کھیت میں گرکر شعلہ پوش ہوگیا۔ آتش فرو عملہ کو موقع واردات پر طلب کرلیا گیا تھا۔ ان کی اطلاع کے بموجب ان کے پہنچنے تک پورا طیارہ شعلوں کی لپیٹ میں آچکا تھا۔ یہ طیارہ قریبی شمالی ویالڈ جنگی فوجی ہوائی اڈے سے پرواز پر روانہ ہوا تھا۔

دونوں مہلوکین کے قریبی ورثاء کو حادثہ کی اطلاع دی جاچکی ہے۔ 33 سالہ انسٹرکٹر سائمن ہوئیم اور 43 سالہ طالب علم اسپنسر بنیٹ حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ یہ طالب علم کی تین روزہ تربیت کا آخری دن تھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ طیارہ 1800 فیٹ کی بلندی سے کھیت میں گرپڑا تھا۔ پولیس سے قریبی ذریعہ کے بموجب چیمس فورڈ اور اونگار کے درمیان حادثہ پیش آیا۔ ہنگامی خدمات کے ارکان عملہ نے فوری پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی، لیکن اُس وقت تک طیارہ جل کر راکھ کا ڈھیر بن چکا تھا۔