برطانیہ میں آج اور کل قطب شمالی دھماکہ متوقع

لندن /30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مسلسل دوسرے دن بھی پورا برطانیہ تازہ برف باری کا شکار رہا، اس لئے ملک گیر سطح پر سفر معطل رہا۔ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ موسمیات کی ہدایات پر توجہ دیں۔ کئی سڑکیں ویران تھیں، اسکولس بند کردیئے گئے تھے۔ برف باری سے پورے برطانیہ میں معمولات زندگی مفلوج ہو گئے۔ معمولات میں خلل اندازی اتنی شدید تھی کہ وزیر اعظم اپنے ٹوئٹر پر اپیل کرنے پر مجبور ہو گئے کہ ٹرانسپورٹ کا نظام اور برقی سربراہی کے بارے میں تازہ اطلاعات پر عوام توجہ دیں اور محکمہ موسمیات کے انتباہ کو پیش نظر رکھیں اور اس کے بعد ہی اپنے پروگرامس ترتیب دیں۔ ہفتہ اور اتوار کو خوفناک قطب شمالی دھماکہ سے برطانیہ کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔