برسر اقتدار جماعت کو عبرتناک سبق سکھانے کی اپیل

نلگنڈہ۔/16اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام برسر اقتدار جماعت کو عام انتخابات میں بہتر سبق سکھانے عوام سے سی پی ایم لوک سبھا امیدوار مسٹر این نرسمہن ریڈی حلقہ اسمبلی نلگنڈہ کے سی پی ایم امیدوار جناب سید ہاشم نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے مخاطب کرتے ہوئے اپیل کی۔ ان قائدین نے کہا کہ حلقہ میں بے گھر افراد کو مکانات فراہم کرنے میں رکن اسمبلی نلگنڈہ گذشتہ 15برسوں سے ناکام ہوگئے۔ حلقہ کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کیلئے سی پی ایم پارٹی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے خواہش کی۔

ان قائدین نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کام برائے غذا پروگرام کی موثر عمل آوری کے ساتھ ساتھ کسانوں کو ہوئے نقصانات کی پابجائی کروانے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے۔پانگل سے مہم کا آغاز کرتے ہوئے عوام کو بنیادی مسائل کو فراہم کروانے کا تیقن دیا اور پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس پروگرام میں سابق زیڈ پی ٹی سی سدھاکر ریڈی، محمد سلیم، اشوک ریڈی کے علاوہ دیگر سی پی ایم پارٹی قائدین موجود تھے۔