پرتھ ۔14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے چائنا مین کلدیپ یادو آج 24 سال کے ہوگئے ہیں۔14 دسمبر 1994 کوکانپور میں پیدا ہوا یہ کھلاڑی آج ٹیم کا کافی اہم رکن ہے اور2019 ورلڈ کپ میں ہندوستان کو چمپئن بنانے کیلئے اہم ثابت ہوسکتاہے۔کلدیپ یادو کے لاکھوں مداح بھی ہیں ، لیکن یہ جانکار یقین نہیں ہوگا کہ 13 سال کی عمر میں کلدیپ یادو نے خودکشی کا ارادہ بنالیا تھا۔ انڈر15 ٹیم میں جب کلدیپ یادو کو جگہ نہیں ملی تو انہوں نے مایوس ہوکر خودکشی کرنے کا ارادہ کرلیا تھا۔کلدیپ یادو نے کافی محنت سے ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنائی اور آتے ہی انہوں نے ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔ کلدیپ یادو دنیا کے واحد بولر ہیں ، جس نے ٹسٹ ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں ایک سال ہی میں پانچ وکٹ لئے ہیں۔ 21 ستمبر 2017 کو کلدیپ یادو نے آسٹریلیا کے خلاف ونڈے میچ میں ہیٹ ٹرک لے کر تاریخ رقم کی ہے۔ ونڈے میں ہیٹ ٹرک لینے والے وہ پہلے ہندوستانی اسپنر ہیں۔کلدیپ یادو ہندوستان کیلئے ٹسٹ کرکٹ کھیلنے والے پہلے چائنامین بولر ہیں۔ ساتھ ہی وہ پہلے مقابلے میں چار وکٹ لینے والے دنیا کے تیسرے چائنامین ہیں۔ تین جولائی 2018 کو کلدیپ یادو نے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں پانچ وکٹ لئے تھے۔ یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ دنیا کے واحد چائنامین بولر ہیں۔