ناٹنگھم ، 6 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے پیس بولر اسٹوارٹ براڈ نے 8/15 کی تباہ کن بولنگ کی جبکہ آسٹریلیا چوتھے ایشز ٹسٹ کے آج ٹرینٹ برج میں غیرمعمولی ابتدائی سیشن کے دوران محض 94 منٹ میں بکھر کر 60 پر آل آؤٹ ہوگیا۔ سیریز جیتنے کی کوشش میں انگلینڈ نے آسٹریلیا والوں کو آبرآلود موسم میں پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور صرف 14 منٹ میں 16 گیندوں کے بعد انھیں 15/4 تک گھٹا دیا، جس میں تین بیٹسمین کرس روجرز، ڈیوڈ وارنر اور ٹیم میں واپس طلب کردہ شان مارش صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ بن اسٹوکس نے پانچویں سلپ میں ایک ہاتھ سے سنسنی خیز کیچ لپکا جس پر آڈم ووجس (1) آؤٹ ہوگئے، اور اسکور 21/5 ہوا، اور پھر براڈ نے پانچ وکٹ کا مظاہرہ تیزترین وقت میں مکمل کیا جب آسٹریلیا کے کیپٹن مائیکل کلارک (10) نے فرسٹ سلپ میں کیچ دے دیا۔ اس کے بعد براڈ نے لوور آرڈر کے بیٹسمنوں کو بھی جلدی جلدی پویلین واپس بھیج دیا جس میں مچل اسٹارک (1)، مچل جانس (13) اور ناتھن لیون (9) شامل ہیں، اس طرح آسٹریلیائی اننگز محض 18.3 اوورز کے بعد ختم ہوگئی۔ یہ ٹسٹ کی تاریخ میں مختصر ترین پہلی اننگز ہے اور اکسٹراز (14) کا ٹاپ اسکور رہا۔ یہ آسٹریلیا کا ساتواں مشترک اقل ترین اسکور ہے اور دورہ کنندگان کے یہ سیریز کو فیصلہ کن پانچویں ٹسٹ کیلئے دی اوول تک لے جانے کی امیدیں موہوم ہوچلی ہیں۔ السٹیر کک زیرقیادت انگلینڈ نے جوابی اننگز میں تادم تحریر 81/2 اسکور کرلئے تھے۔ ٹرینٹ برج میں ہر طرف حیرانی کا ماحول دیکھنے میں آیا جبکہ آسٹریلیائی وکٹیں پے درپے گرتی رہیں جس کی شروعات دن کی تیسری گیند سے ہوئی جب براڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈ ناٹنگھم میں کھیلتے ہوئے روجرز کو کک کے ذریعے کیچ کراکر اپنی 300 ٹسٹ وکٹیں مکمل کئے۔