براڈ اور پریار کی کامیاب سرجری

لندن ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر اسٹیورڈ براڈ اور وکٹ کیپر بیٹسمین ماٹ پریار کی کامیاب سرجری کی گئی ہے اور اب وہ ورلڈ 2015ء میں ٹیم کی نمائندگی کیلئے بازآباد کاری پروگرام سے گذریں گے۔ ہندوستان کے خلاف منعقدہ 5 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں جیمس اینڈرسن کے بعد براڈ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے بولر ہیں اور ان کا گھٹنے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔ نیز امید کی جارہی ہیکہ وہ آئندہ برس جنوری میں انگلینڈ کی ونڈے ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔ 28 سالہ براڈ کو ہندوستان کے خلاف منعقدہ سیریز کے دوران گھٹنے کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ چوتھے ٹسٹ میں وہ اچھال لیتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں اپنی ناک بھی زخمی کروا بیٹھے تھے۔ دریں اثناء 32 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین پریار اپنی بائیں پنڈلی میں تکلیف کو رواں سیزن برداشت کیا ہے لیکن تیسرے ٹسٹ میں ٹیم کی 95 رنز کی شکست کے بعد انہوں نے سیریز سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ ای سی بی کی میڈیکل ٹیم نے آج توثیق کی ہیکہ انگلینڈ کے فاسٹ بولر براڈ کا آپریشن کیا گیا ہے جبکہ وکٹ کیپر ماٹپریار کی بائیں پنڈلی کا بھی آپریشن کیا گیا ہے۔