براوو کی بالی ووڈمیں دلچسپی، شاہ رخ کے ساتھ کام کے خواہاں

دبئی۔27 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام )  ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈوین براوو کی بالی ووڈ میں دلچسپی بڑھتی ہی جارہی ہے اور وہ مستقبل میں شاہ رخ خان  کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے پْر امید ہیں۔ براوو نے کہا کہ شاہ رخ خان ان کے باس ہیں کیونکہ وہ ان کی فرنچائز ٹیم کیلئے کھیلتے ہیں اور امید ہے ایک دن وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کسی فلم میں بھی کام کریں گے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق دونوں کو ایک ساتھ فلم کی پیشکش کی گئی ہے تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ براوونے مزید کہا کہ دونوں نے ایک فلم کے حوالے سے بات چیت کی ہے تاہم شاہ رخ خان کافی مصروف رہتے ہیں لیکن جب بھی موقع ملے گا ایک ساتھ کام ضرور کریں گے۔واضح رہے کہ براوو بالی ووڈ نگری میں فلم تم بن 2  کے ذریعہ قدم رکھنے جارہے ہیں۔
ایڈن گارڈن ہندوستان کے 250 ویں ٹسٹ کا میزبان
کولکتہ ۔ 27 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف جمعہ کو شروع ہونیو الے رواں سیریز کے دوسرے ٹسٹ کا ایڈن گارڈن میزبان ہے اور ہندوستان کا یہ اپنے گھریلو میدانوں پر 250 واں ٹسٹ مقابلہ ہوگا ۔ ایڈن گارڈن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹسٹ سے متعلق موسم کی پیش قیاسی کھیل کے شائقین کیلئے حوصلہ افزاء نہیں ہے تاہم اُمید کی جارہی ہے کہ ایڈن گارڈن جس کی تاریخ ٹسٹ کرکٹ کیلئے سنسنی خیز مقابلوں کیلئے مشہور ہے وہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک اور دلچسپ مقابلے کی گواہ بنے گی ۔