براوو کا ’’چیمپئن اوور‘‘: بریتھویٹ

فورٹ لارڈ ڈیل(امریکہ)۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف پہلے ٹوئنٹی -20 مقابلے میں آخری گیند تک دلچسپ کھیل میں ایک رن کی جیت سے حوصلہ پاکرویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس بریتھویٹ نے براوو کے آخری اوور کو ’’چیمپئن اوور‘‘ قرار دیا۔ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ انداز میں ہمالیائی اسکور بنایا اور پھر آخری گیند تک چلے مقابلے میں ایک رن سے شاندار جیت درج کی۔ ایک وقت یقینی جیت کی طرف بڑھ رہی ہندوستانی ٹیم کی اننگز کی آخری گیند پر ڈیون براوو نے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو آؤٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو یادگار جیت دلا دی۔بریتھویٹ نے مقابلے کے بعد کہا، براوو ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔انھوںنے آخری اوور میں اپنے پورے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے صحیح جگہ گیندیں ڈالیں اور بلے بازوں کو رن بنانے کا موقع نہیں دیا۔ یہ واقعی ایک چیمپئن اوور تھا۔ "ویسٹ انڈیز نے دو ٹوئنٹی -20 میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ جیتتے ہوئے 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے ۔