براوو، پولارڈ کو عالمی کپ کے ریزرو کھلاڑیوں میں جگہ

سینٹ جانس۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کیرون پولارڈ، ڈیون براوو اور سنیل ایمبرس سمیت 10 کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے 30 مئی سے انگلینڈ اینڈ ویلز میں شروع ہونے جا رہے آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے ۔ونڈیز بورڈ میں چیف سلیکٹر رابرٹ ھاس نے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ریزرو کھلاڑیوں میں نئے چہروں کو جگہ دی ہے تاکہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑیوں کا پول تیار ہو سکے اور اگر ضرورت ہو تو ضرورت کے مطابق ہمارے پاس متبادل موجود ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں لگتا ہے کہ پول میں جو بھی کھلاڑی موجود ہیں وہ باصلاحیت اور تجربہ کار ہیں ساتھ ہی نوجوانوں کو بھی موقع دیا گیا ہے جو اپنا تعاون قومی ٹیم کو دے سکتے ہیں۔ اس سے پہلے امید تھی کہ پولارڈ کو 15 رکنی ورلڈ کپ ٹیم میں کسی زخمی کھلاڑی کی جگہ شامل کیا جا سکتا ہے ، اس پر کوئی سرکاری اطلاع نہیں دی گئی لیکن پھر انہیں ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ دے دی گئی۔گزشتہ سال اکتوبر میں اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے براوو کو بھی ریزرو کھلاڑیوں میں جگہ دی گئی ہے اور ونڈیز بورڈ ان کے تجربے کا استعمال کرنا چاہتا ہے ۔ بلے باز سنیل ایمبرس، آل راؤنڈر رامون ریفر کو ایون لوئیس کے کوور کے طور پر جگہ دی گئی ہے جو حال ہی میں انفیکشن سے ٹھیک ہو کر واپس آئے ہیں۔ونڈیز ٹیم 19 سے 23 مئی تک انگلینڈ کے ساؤتھمپٹن میں اپنا ٹریننگ کیمپ جاری رکھے گی جہاں وہ عالمی کپ کے لیے تیاری میں مصروف ہے ۔ چار روزہ اس کیمپ میں ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی پوری 15 رکنی ٹیم کھیلے گی اورآسٹریلیا سے 22 مئی کو پریکٹس میچ میں اترے گی۔10 ریزرو کھلاڑیوں میں سلیکٹرز نے جن کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے ان میں سنیل ایمبرس، ڈوائن براوو، جان کیمبل، جوناتھن کارٹر، روسٹن چیز، شین ڈارچ، کیمو پال، پئرے ، رامون ریفر اور کیرون پولارڈ شامل ہیں۔