نئی دہلی۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )گجرات لائنز کے اسٹار آل راؤنڈر ڈی جے براوو آئی پی ایل کے ابتدائی میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ اس بارے میں فرنچائز کے مالک کیشو بنسال نے کہا ہے کہ عضلات میں جکڑن کا شکار ہونے کی وجہ سے وہ لیگ کے پہلے کچھ میچوں سے باہر ہوئے ہیں۔ براوو پچھلے سال گجرات لائیز کے اہم کھلاڑی کی حثیت سے لیگ کا حصہ تھے اور انہوں نے 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ڈی جے براوو دسمبر 2016ء میں بگ بیش لیگ کے دورانزخمی ہو ئے تھے۔ گجرات لائیز کے مالک نے امید ظاہر کی ہے کہ براوو اپریل کے پہلے ہفتے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے تاہم ان کے ٹیم میں واپسی کا انحصار ان کی صحتیابی پر ہے۔ براوو کی عدم موجودگی میں آسٹریلیائی آل راؤنڈر جیمز فالکنر ٹیم کا حصہ ہونگے۔ گجرات لائنز اپنا پہلا میچ 7 اپریل کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف کھیلے گی۔