ریوڈی جنیرو۔ 5جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) برازیل نے فٹبال کے 20ویں ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں کولمبیا کو2-1 گول سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔برازیلی ٹیم 12 برس کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس نے آخری سیمی فائنل 2002 کے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا۔دوسرے کوارٹر فائنل میں برازیل کی ٹیم نے اس کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی توقع میدان میں موجود ہزاروں مداحوں کو تھی۔
اس ٹورنمنٹ میں برازیل کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھائی جا رہی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ وہ ایک ٹیم کی طرح کھیلنے کی بجائے صرف اپنے اسٹار اسٹرائیکر نیمر پر بھروسہ کر رہی ہے۔تاہم اس میچ میں آغاز سے ہی برازیل نے مخالف گول پر حملے شروع کر دیے جس کا نتیجہ ساتویں منٹ میں نیمر کی کوشش سے ملنے والے کارنر کی شکل میں نکلا۔برتری حاصل کرنے کے بعد بھی برازیل کا جارحانہ کھیل جاری رہا اور اس نے کولمبیائی گول پر متعدد حملے کئے۔کولمبیا کے گول کیپر اوسپینا کے عمدہ کھیل کی وجہ سے برازیل پہلے ہاف میں مزید کوئی گول نہ کر سکا۔
کولمبیا کو اس ہاف میں گول کرنے کے دو اچھے مواقع ملے لیکن ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔66ویں منٹ میں کولمبیا کے نے گیند برازیلی گول میں پہنچا دی لیکن لائن مین پہلے ہی کولمبیائی کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے چکے تھے لہذٰا یہ گول مسترد کر دیا گیا۔کولمبیا کے اس حملے کے جواب میں برازیلی موو پر مخالف کھلاڑی کو گرانے پر کولمبیا کے جیمز رادریگز کو پیلا کارڈ ملا اور اس فاؤل پر ملنے والی فری کک پر 68 ویں منٹ ڈیوڈ لوئیز نے گول کر کے برازیل کی برتری دگنی کر دی۔میچ کے 77ویں منٹ میں برازیل کیپر ڑولیو سیزر نے کولمبیائی کھلاڑی کو برازیلی ڈی میں گرایا تو ریفری نے کولمبیا کو پنالٹی دی جس پر گول کر کے جیمز رادریگز نے خسارہ کم کیا۔
ڈیوڈ لوئیز نے برازیل کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی ۔اس گول کے ساتھ ہی رادریگز ورلڈ کپ کے لگاتار پانچ میچوں میں گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ ان سے قبل 2002 کے ورلڈ کپ میں برازیل کے ریوالڈو نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔رادریگز اب چھ گولس کے ساتھ اس ورلڈ کپ کے ٹاپا سکورر ہیں۔ ان کے گول کے بعد کولمبیا کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی کوششیں تیز کر دیں تاہم وہ ان میں کامیاب نہ ہو سکے ۔دوسرے ہاف میں برازیلی کپتان تیاگو سلوا کو ریفری نے کیپر کو گرانے پر پیلا کارڈ بھی دکھایا اور اب وہ سیمی فائنل کھیلنے والی برازیلی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔