ریوڈی جینیرو ۔ 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کی ٹیم نے اسکولاری کی قیادت میں 2002 کے فائنل میں جرمنی ہی کو 2-0 سے شکست دی تھی لیکن اب فٹبال ٹیم کے کوچ لوئیس فیلیپی اسکولاری نے ورلڈ کپ 2014 میں اپنی ٹیم کی ناکامی کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے۔واضح رہے کہ 65 سالہ اسکولاری نے برازیل کو 2002 میں ورلڈ کپ میں فتح سے ہمکنار کروایا تھا لیکن اس مرتبہ جب برازیل اس ٹورنمنٹ کی میزبانی کر رہا تھا تو اسے چوتھے مقام پر اکتفا کرنا پڑا۔ان کی ٹیم سیمی فائنل میں جرمنی سے 7-1 گول سے ہار گئی تھی اور اس طرح برازیل نے نہ صرف اپنی تاریخ کی سب سے بدترین شکست کھائی بلکہ اسے 39 برسوں میں پہلی مرتبہ اپنے ہی ملک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تیسرے مقام کے لئے منعقدہ میچ میں وہ نیدرلینڈز سے 0-3 گول سے شکست کھا گئی۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ برازیل اپنی سرزمین پر لگاتار دو میچ مقابلوں میں شکست برداشت کی۔ اس ٹورنمنٹ کے بعد ویسے بھی اسکولاری کا معاہدہ ختم ہونے والا تھا۔ تاہم برازیل کی فٹبال کے انتظامیہ کمیٹی سی بی ایف ان کے استعفیٰ کی توثیق کرے گی۔