براسیلیا 13 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بارسیلونا کے اسٹار ڈانیل الویس نے کہا کہ ورلڈ کپ میں برازیل کی شکست کے بعد کوچ فلپ اسکلاری کی تبدیلی ضروری ہے ۔ اس سے ان کا وقار کم نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں وہ سمجھتے ہیں کہ برازیل فٹبال ٹیم کیلئے کسی بیرونی کوچ کا تقرر عمل میں لانا چاہئے انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی کوچ کیلئے راہ ہموار نہیں کررہے ہیں بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹیم کے حوصلے بلند کرنے اور اس کے مظاہرہ اور کارکردگی کو بہتر بنانے کسی بیرونی کوچ کا تقرر عمل میں لایا جائے کیونکہ اس سے ٹیم کو مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال اور زندگی میں ایسے مواقع آتے ہیں اور ان سے بہتر انداز میں نمٹنے کی ضرورت ہوتی ہے۔برازیل کو منگل کے دن جرمنی کے خلاف سیمی فائنل میں 7 – 1 سے شکست ہوئی تھی جبکہ تیسرے مقام کیلئے ہوئے میچ میںاسے نیدرلینڈ نے 3 – 0 سے ہرادیا تھا ۔