نئی دہلی ۔ 27 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) رومیو فرنانڈیز جو 22 سالہ مڈفیلڈر ہیں ، برازیل میں پیشہ ورانہ حیثیت سے کھیلنے والے اولین ہندوستانی فٹبالر بن گئے ۔ انھیں باوقار برازیلین لیگ میں کھیلنے کیلئے منتخب کیا گیا لیکن میدان پر محض 21 منٹ گذارنے کے بعد اُن کے کلب نے اُنھیں ریلیز کردیا ، یہ بات خود اُن کے منیجر نے آج کہی۔ رومیو کو اس سال کے اوائل آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے ساتھ ٹریننگ پارٹنرشپ اگریمنٹ کے پیش نظر ایف سی گوا کلب سے برازیلی کلب اٹلے ٹیکو پرانائنس نے بطور مستعار حاصل کیا تھا ۔ اس کلب کیلئے پہلی مرتبہ کھیلتے ہوئے وینگر رومیو کو میچ کے 69 ویں منٹ میں بطور متبادل موقع ملا ۔ یہ میچ گزشتہ ماہ پرانا اسٹیٹ لیگ میں کھیلا گیا اور تب سے انھیں بنچ کی زینت بناکر رکھا گیا ۔ انڈین منیجر ریز میسکرنہاس نے تصدیق کی کہ رومیو جن کا چھ ماہی کنٹراکٹ جون میں ختم ہونا تھا اور ڈسمبر تک توسیع کی گنجائش تھی ، مایوس ہوکر وطن واپس ہوچکے ہیں۔