سینٹ پیٹرزبرگ۔23 جون(سیاست ڈاٹ کام)فیفا ورلڈ کپ میں برازیل کی کامیابی نے ارجنٹیناکی سانسیں بحالکردیں اوراحمد موسیٰ کے دو گولز نے گروپ ڈی کے میچ میں آئس لینڈ کیخلاف نائیجیریا کو کامیابی سے ہمکنار کردیا جس سے ارجنٹینا کے اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدیں ختم نہیں ہوئی ہیں۔ میسی کی ٹیم کو نائیجیریا کیخلاف کامیابی کے ساتھ کروشیا کی فتحیابی کا انتظار ہے ۔برازیلی ٹیم نے کوسٹاریکا کو انجری ٹائم کے دوران سات منٹ میں 2-0 سے شکست دے دی ۔فیلپے کوٹینہو اور نیمر جونیئر کے گولز نے اہم رول ادا کیا۔علاوہ ازیں سوئٹزرلینڈ نے سربیا کو 2-1 سے ہرادیا۔ کالینن گریڈ میں گروپ ای میچ میں پانچویں منٹ میں میٹرووچ کے ہیڈر نے سربیا کو ایک گول سے برتری دلادی لیکن کھیل کے دوسرے ہاف میں52ویں منٹ کے دوران سوئس پلیئر شاکا کے لانگ رینج حملے نے میچ برابر کردیا لیکن اختتامی لمحات میں اس وقت سوئٹزرلینڈ کو کامیابی مل گئی جب شاقیری نے گیند جال میں ڈال دی۔اس سے قبل گروپ ڈی میں کھیلے گئے میچ کے دوران وولگوگریڈ ایرینا میں نائیجیریا اور آئس لینڈ کے درمیان میچ زبردست جوش و خروش کے ساتھ شروع ہوا اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کیخلاف کامیابی کیلئے داوآزمائے لیکن ارجنٹیناکیخلاف میچ برابر کرنے والے آئس لینڈ کے کھلاڑی اس مرتبہ مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیئے اور پہلا ہاف کسی گول کے بغیر برابر ہو گیا۔دوسرا ہاف شروع ہوا تو نائیجریائی کھلاڑی احمد موسیٰ نے49 ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلادی اور 75ویں منٹ میں احمد موسیٰ نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کردی۔