برادر نسبتی کے قتل کے بعد ملزم کی خودکشی

حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز) الوال کے علاقہ میں ایک شخص نے اپنے برادر نسبتی کا قتل کرنے کے بعد پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق پی جے آر نگر میں یہ واردات کل رات پیش آئی۔ جہاں 25سالہ سریکانت اور 30سالہ یادگیری دونوں شراب نوشی میں مصروف تھے جہاں بحث و تکرار کے بعد یادگیری نے اپنے برادر نسبتی پر شراب کی بوتل سے حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا اور خوف کے مارے خود بھی پھانسی لے لی۔

پولیس ذرائع کے مطابق یادگیری کی سریکانت کی بہن کے ساتھ دو سال قبل شادی ہوئی تھی اور بیوی شوہر میں تنازعہ چل رہا تھا۔ اس دوران اپنی بہن کے شوہر کے ساتھ تنازعہ کو حل کرنے کی غرض سے سریکانت سرگرم ہوا اور اس رات دونوں نے کثرت سے شراب نوشی کی جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔