براتھویٹ نے ویسٹ انڈیز کو بکھراؤ سے بچا لیا

شارجہ ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کریگ براتھویٹ (95*) اور روسٹن چیز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ابتدائی نقصانات سے سنبھلتے ہوئے تیسرے ٹسٹ کی اپنی جوابی اننگز میں آج دوسرے دن کھیل کے اختتام تک 244/6 اسکور کرلئے۔ قبل ازیں پاکستان نے اپنی غیرمختتم اننگز کا 255/8 پر احیاء کیا اور 90.5 اوورز میں مصباح الحق زیرقیادت ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر سمیع اسلم (74)، یونس خان (51)، کپتان مصباح (53) اور وکٹ کیپر بیٹسمن سرفراز احمد (51) نے ہاف سنچریاں اسکور کئے۔ ویسٹ انڈین اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور وہ صرف 38 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھے۔ جیمز بلیک ووڈ نے جارحانہ بیٹنگ کی حکمت عملی اپناتے ہوئے پاکستانی بولرز کو دباؤ میں ڈالنے کی کوشش کی لیکن محمد عامر (2/44) نے اُن کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ 68/4 کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم ایک بار پھر مشکلات سے دوچار تھی لیکن اس موقع پر براتھویٹ کا ساتھ نبھانے روسٹن وکٹ پر پہنچے۔ دونوں کھلاڑیوں نے موقع کی مناسبت سے غیرضروری شاٹس کھیلنے سے گریز کیا اور ہر خراب گیند پر رنز بنانے کی حکمت عملی اپنائی جو انتہائی کارگر رہی۔ جب چائے کا وقفہ ہوا تو دونوں کھلاڑی اسکور کو 141 رنز تک پہنچا کر پانچویں وکٹ کیلئے 73 رنز جوڑ چکے تھے۔ اس سے قبل دوسرے دن کی صبح پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 281 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ لیگ اسپنر دیویندر بشو (4/77) سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔