برائن لار کی 45 ویں سالگرہ

سانتا کروز، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دنیائے کرکٹ کے عظیم بلے باز برائن لارا نے جمعہ کو اپنی 45 ویں سالگرہ منائی۔ اسٹائلش بیٹسمن کے کیریئر پر کئی اہم کامیابیاں آئیں۔ ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز نے کئی ریکارڈ اپنے نام کئے۔ لارا نے انگلینڈ کے خلاف 2004ء میں 400 رنز (ناٹ آؤٹ) بنا کر آسٹریلیا کے میتھیوہیڈن کا 380 رنز کا ریکارڈ توڑا۔ لارا نے 131 ٹسٹ میں 11,953 رنز بنائے۔ 299 ونڈے میچز میں 19 سنچریوں اور 63 نصف سنچریوں کے ساتھ 40.48 کی اوسط سے 10,405 رنز بنائے۔ صرف یہی نہیں، لارا نے کاؤنٹی کرکٹ میں واروک شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈرہم کی طرف سے لٹل ماسٹر حنیف محمد کا سب سے زیادہ 499 رنز کا ریکارڈ بھی توڑا اور 501 رنز (ناٹ آؤٹ) بنا کر ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔ لارا نے 2007ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کر دیا۔

آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کو نئے
آئی ۔ لیگ سیزن کیلئے بولیاں مطلوب
نئی دہلی ، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے آج نئے کلبس اور اداروں کیلئے بولیاں طلب کئے، جو آئی ۔ لیگ کے سیزن 2014-15ء میں حصہ لیں گے۔ فیڈریشن نے ایک بیان میں کہا کہ ٹنڈر کی طلبی دراصل ان تفصیلات کی صراحت ہے کہ بولیاں کس طرح داخل کرنی چاہئیں اور یہ 6 مئی 2014ء سے اے آئی ایف ایف ہیڈکوارٹرز ’فٹبال ہاؤس‘ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ماقبل بولی اجلاس 15 مئی کو مقرر کیا گیا ہے اور بولیاں داخل کرنے کا آخری دن 2 جون ہے۔ آئی۔ لیگ میں موجودہ طور پر 14 ٹیمیں ہیں۔