ملبورن۔یکم اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) عظیم ویسٹ انڈین بیٹسمین برائن لارا نے پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض کی پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی ہے۔ ایک انٹرویو میں لارا نے وہاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں وہاب کے اسپل کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ لارا نے ازراہ مذاق کہا کہ ’’میں پاکستانی ایئر لائن سے سفر کروں گا یا کسی اور ایئر لائن کا ٹکٹ آ رہا ہے۔ میرے بہت سارے دوست پاکستان میں رہتے ہیں ،میں پاکستان جا کر خوشی محسوس کروں گا‘‘۔ لارا نے کہا کہ ایڈیلیڈ میں وہاب ریاض نے آسٹریلیا کے خلاف جو اسپل پھینکا تھا اس نے مجھے بے حد متاثر کیا ۔ میں نے ٹوئیٹر پر اپنے اکائونٹ میں وہاب ریاض کیلئے پیغام چھوڑا تھا لیکن وہاب ریاض نے شائد دیکھا نہیں، اس لئے اس نے مجھے ابھی تک جواب نہیں دیا ہے۔ لارا نے کہا کہ میں کئی بار پاکستان جا چکا ہوں اور میری پاکستان سے خوشگوار یادیں وابستہ ہیں، اس لئے مجھے جب بھی بلایا جائیمیں پاکستان جانا پسند کروں گا۔ پاکستان میں میرے پرستاروں کی بڑی تعداد ہے اور مجھے 1996 ء کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری آج بھی یاد ہے۔