بدنام زمانہ سٹے باز سنجیو چاولہ گرفتار

لندن ، 15 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) سنجیو چاولہ کی گرفتاری کے بعد انڈین پولیس نے اس کی حوالگی کیلئے برطانیہ سے گزارش کی ہے۔ میڈیا کے مطابق برطانوی حکام نے انڈیا سے سنجیو چاولہ کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے معلومات کے تبادلے کا مطالبہ کیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ سنجیو چاولہ کو تہاڑ جیل میں رکھا جائے گا۔ میڈیا کے مطابق وزارتِ خارجہ ہند نے سنجیو کو بین الاقوامی سہولیات دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ واضح رہے کہ سنجیو چاولہ پر سال 2000ء میں انڈیا اور جنوبی افریقہ میں کرکٹ میچ فکس کرنے کے الزامات ہیں۔ اس میچ فکسنگ اسکینڈل میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان ہینسی کرونئے بھی شامل تھے۔ کرونئے کی 2002ء میں ایک طیارہ حادثے میں موت ہو گئی تھی۔ ہندوستانی پولیس اس میچ فکسنگ سکینڈل کی تحقیقات کر رہی تھی۔ سنجیو چاولہ اور بعض انڈین کرکٹرز کے تعلقات کا بھی چرچا رہا۔ سنجیو چاولہ کیخلاف میچ فکسنگ کیس 3  اکتوبر سے ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ لندن کی عدالت میں شروع ہوگا۔ دوران ٹرائل میچ فکسنگ کے مزید کئی رازوں سے پردہ اٹھنے کا امکان ہے۔