حیدرآباد /25 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے بدنام زمانہ سارقوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے کثیر مقدار میں طلائی چاندی کے زیورات کو ضبط کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس بھونگیر زون مسٹر رامچندر ریڈی نے بتایا کہ بدنام زمانہ سارق 22 سالہ سردے ناگراجو عرف ناگا ساکن بھونگیر اور 23 سالہ پی چندر شیکھر ساکن کوتلاپور ٹانڈور وقارآباد کو گرفتار کرلیا ۔ مقفل مکانات کے علاوہ منادر میں یہ سارق سرقہ کی وارداتیں انجام دیتے تھے ۔ جبکہ ان کا ایک اور سرغنہ ساتھی یاترا رمیش مفرور ہے ۔ جس کو پولیس بہت جلد گرفتار کرلے گی ۔ ترکاپلی بی بی نگر آلیر ، یادگیری گٹہ ، ولی گنڈہ اور بھونگیر کے علاقوں میں اس ٹولی نے وارداتیں انجام دی تھیں ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے چار لاکھ 40 ہزار مالیتی اشیاء 80 گرام سونا ایک کیلو 840 گرام چاندی 5 موٹر سائیکلوں کو بھی ضبط کرلیا جو سرقہ کے بعد موٹر سائیکلوںکو پارکنگ کے مقامات پر رکھتے تھے ۔ پولیس نے تلاشی مہم کے دوران انہیں حراست میں لے لیا اور شبہ کی بنیاد پر پوچھ تاچھ کے دوران انہوں نے اپنا جرم قبول کرلیا ۔