بدنام زمانہ روڈی شیٹر گرفتار سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم کا کارنامہ

حیدرآباد /17 جون ( سیاست نیوز ) سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم ( ایس او ٹی ) نے ایک بدنام زمانہ روڈی شیٹر ٹی لکشمن گوڑ کو گرفتار کرلیا جو فتح نگر کے علاقہ میں مہلک ہتھیاروں کے ساتھ مشتبہ انداز میں گشت کر رہا تھا ۔ لکشمن گوڑ پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ جو کرایہ کا قاتل اور کنٹراکٹ لیکر جرم کیا کرتا تھا ۔ اس نے اپنے مالک کو بھی 5 لاکھ روپئے کا دھوکہ دیا تھا ۔ گوڑ پہلے فتح نگر میں رہتا تھا جس نے بعد میں سبھاش نگر جیڈی میٹلہ کا رخ کیا تھا ۔ ایس او ٹی ویسٹ زون کے انسپکٹر مسٹر گرو راگھاویندرا نے ایک خصوصی آپریشن کے دوران اس بدنام زمانہ خطرناک روڈی شیٹر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے دو دیسی ساختہ بندوق ضبط کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ روڈی شیٹر گوڑ نے سال 1999 میں نارسنگی اور سال 2008 میں ککنورپلی میں ضلع میدک میں قتل کی واردات انجام دی تھی ۔ یہ قتل اس نے کنٹراکٹ پر انجام دیا تھا ۔ اس کے علاوہ صنعت نگر کرنول اور سلطان بازار میں اس کے مقدمات پائے جاتے ہیں ۔ گذشتہ دنوں دو روڈی شیٹرس رویندر چاری اور پرشانت عرف کٹو جو سرور نگر پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹرس ہیں اس کا رقمی معاملہ تنازعہ چل رہا تھا اور اس نے دونوں کو ہلاک کرنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے پٹنہ شہر سے دو دیسی ساختہ بندوق خریدے اور اپنے منصوبہ پر عمل کرنے سے قبل پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔