حیدرآباد /10 جون ( سیاست نیوز ) سائبرآباد سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے 2 بدنام زمانہ سارقوں کو گرفتار کرلیا جو سرقہ و رہزنی کی وارداتوں میں ملوث پائے جاتے ہیں۔ پولیس نے 24 سالہ کے انوپ کمار عرف نتیش عرف راجو عرف ٹنکو کے علاوہ 22 سالہ این رنجیت کمار کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 26 تولہ طلائی زیورات ایک کار ، دو موٹر سائیکلیں اور الیکٹرانک جملہ اشیاء جس کی مالیت تقریباً 20 لاکھ بتائی گئی ہے کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق انوپ کمار جو عادی سارق بتایا گیا ہے ۔ تقریباً 30 مقدمات میں ملوث ہے ۔ رات کے اوقات سرقہ کرنے میں یہ مہارت رکھتا ہے اور پولیس کو اپنی چالاکی سے پریشان کرتا تھا ۔ اس کے خلاف ملک پیٹ پولیس اسٹیشن میں غیر ضمانتی وارنٹ زیر التواء ہے اس کے علاوہ یہ بدنام زمانہ سارق ، میر پیٹ ، سرور نگر ، ایل بی نگر ، سعیدآباد، ملک پیٹ پولیس کے تحت کارروائی میں جیل منتقل کیا جاچکا ہے ۔