ملزمین پر مجرمانہ سرگرمیوں کی تاریخ ، کمشنر سائبرآباد وی سی سجنار
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے بدنام زمانہ جابا کنگ کے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جن میں کنگ لیڈر شیخ سلیم عرف بابا بھی شامل ہے ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر وی سی سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹولی کے قبضہ سے 800 گرام طلائی زیورات دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ہے ۔ پولیس کے مطابق جابا سلیم کے خلاف 60 غیر ضمانتی وارنٹ زیر التواء ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 28 سالہ شفیع سلیم عرف جابا ساکن سلیم نگر ملک پیٹ 27 سالہ ناظم افروز عرف مرزا عرف ارجن ریڈی ساکن ملاپور ناچارم 52 صلاح الدین خلیل عرف مامو ساکن وٹے پلی 24 سالہ جہانگیر اور 27 سالہ امول کھولیکر ساکن شاہ علی بنڈہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کو کافی عرصہ سے اس ٹولی کی تلاش تھی ۔ جابا کل 180 وارداتوں میں ملوث ہے اور سابق میں ہمایوں نگر پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا اور چکڑپلی پولیس نے اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا تھا جبکہ ناظم افروز کو سابق میں سنتوش نگر پولیس نے گرفتار کرلیا تھا ۔ دونوں کی مجرمانہ تاریخ پائی جاتی ہے ۔ جیل سے رہائی کے بعد پانچوں نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے وارداتوں کا آغاز کیا ۔ سی سی ایس شمس آباد کی ٹیم نے جو ایسے مجرمین کی سرگرمیوں پر نظر کئے ہوئے خفیہ اطلاع پر ان کی نقل و حرکت دیکھتے ہوئے اس ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔