بدعنوان جج کے مسئلہ پر منموہن سنگھ سے بیان کا حکومت کا مطالبہ

نئی دہلی۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے منموہن سنگھ دورِ اقتدار میں کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے جج کو توسیع دینے پر مجبور کرنے کے بارے میں پارلیمنٹ کو اطلاع دینے کے بعد حکومت نے آج مطالبہ کیا کہ سابق وزیراعظم اس متنازعہ معاملہ پر واضح بیان دیں۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ پورا معاملہ سب سے پہلے سابق جج سپریم کورٹ مارکنڈے کاٹجو نے منظر عام پر لایا ہے ، جس سے یو پی اے دور حکومت میں حکومت کی کارکردگی پر روشنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی اس سلسلے میں خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کچھ نہ کچھ چھپانا چاہتے ہیں۔ اس لئے انصاف کا تقاضہ یہ ہے کہ وہ اس مسئلہ پر واضح بیان دیں۔ ہندوستان کے عوام کو تمام معاملات سے واقف ہونے کا حق ہے۔ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کل پارلیمنٹ کو کاٹجو کے الزامات سے واقف کروایا تھا۔