بدعنوان اور نا اہل عہدیداروں کے خلاف کارروائی

پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر جتندر سنگھ کا اعلان
نئی دہلی ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : حکومت نے جنوری 2015 سے جاریہ سال فروری تک مختلف وجوہات کی بناء 73 عہدیداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں برطرف اور خدمات سے لازمی سبکدوش کردیا ہے ۔ مملکتی وزیر سرکاری عملہ ، عوامی شکایات اور وظائف مسٹر جتندر سنگھ نے آج لوک سبھا میں تفصیلی صراحت کے بغیر صرف یہ اطلاع دی کہ 73 گروپ اے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ جب کہ انا ڈی ایم کے رکن ٹی رادھا کرشنن یہ سوال کیا تھا کہ ایرسیل ۔ مکسیس کے مسئلہ پر عہدیداروں کے خلاف آیا کوئی کارروائی کی گئی ہے جس پر مرکزی وزیر نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کارروائی کے لیے حکومت کاربند ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم کسی کے خلاف انتقامی جذبہ نہیں رکھتے تاہم کرپشن کے مسئلہ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انا ڈی ایم کے ارکان نے ایرسیل ، مکسیس کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے سابق مرکزی وزیر چدمبرم کے فرزند کارتی اور دیگر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ وقفہ صفر کے دوران مسٹر جتندر سنگھ نے بتایا کہ دستیاب اطلاعات کے مطابق جنوری 2015 سے فروری 2016 تک مختلف وجوہات کی بناء 73 گروپ اے آفیسرس کو برطرف ، معطل ، لازم سبکدوشی ، استعفوں کی طلبی یا وظیفہ میں کٹوتی جیسے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ یہ نشاندہی کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی کارکردگی پر مسلسل نگرانی رکھی جارہی ہے ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ جن عہدیداروں کی کارکردگی ناقص اور توقع سے کم ہو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے ۔ یہ ادعا کرتے ہوئے کسی مخصوص عہدیدار کو نشانہ نہیں بنایا جارہا ہے بلکہ حکومت بیورو کریسی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش میں ہے اور اس خصوص میں عہدیداروں کو ترغیب دینے کے لیے شفافیت جوابدہی کا احساس اور مختلف سطحوں پر تربیت اور اسپورٹس اریوگا جیسے فلاحی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں ۔۔