بدایوں اجتماعی عصمت ریزی اور قتل مقدمہ کی تحقیقات کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا تقرر

بدایوں ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم جو 4 ارکان پر مشتمل ہے، بدایوں کے دیہات سادات گنج میں دوکمسن بہنوں کی صدمہ انگیز اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کی تحقیقات کرے گی۔ ٹیم کے سربراہ سرکل آفیسر اجنانی ہوں گے۔ اے ایس پی اتل کمار سکسینہ نے کہا کہ ایس آئی ٹی کو آج دیہات کا دورہ کرنے، شکایت کنندوں اور گواہوں سے بات چیت کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ مقدمہ کی نگرانی سرکاری سطح پر کی جارہی ہے اور اس کی بروقت یکسوئی کے سلسلہ میں حکومت سنجیدہ ہے۔ تحقیقات صدر کوتوالی کے انسپکٹر وی پال سروہی کررہے تھے۔ سروہی اور انسپکٹر بھرت کمار کو بریلی میں تعینات کردیا گیا ہے تاکہ وہ ایس آئی ٹی کے مکیش سکسینہ کی مدد کریں۔ 14 اور 15 سال کی دو کمسن لڑکیوں کی مبینہ طور پر اجتماعی عصمت ریزی کی گئی تھیں۔ ان کی نعشیں آم کے درخت کی شاخوں سے پھانسی پر لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں۔ یہ لڑکیاں 27 مئی سے لاپتہ تھیں اور اگلے دن ان کی نعشیں دستیاب ہوئی تھیں۔ اس مقدمہ کے 5 ملزم ہیں جن میں 3 بھائی پپو یادو، اودہیش یادو اور درویش یادو، کانسٹیبلس چھترپال یادو اور سرویش یادو گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ دونوں ملزم ملازمین پولیس کو خدمات سے برطرف کردیا گیا ہے۔