جدہ ۔ 18 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ عراق میں خانہ جنگی کے دوررس اثرات سارے علاقہ میں مرتب ہوں گے ۔ وزیر خارجہ پرنس سعود الفیصل نے جدہ میں اسلامک بلاک کے اجلاس کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ عراق میں جاری بدامنی خانہ جنگی کی واضح مثال ہے اور سارے علاقہ پر اس کے غیرمعمولی اثرات مرتب ہوں گے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ جنگجوؤں کی پیشرفت اور خانہ جنگی کا اثر سارے علاقہ میں مرتب ہوگا ۔ واضح رہے کہ عراق میں جنگجوؤں نے نمایاں پیشرفت کرتے ہوئے کئی علاقوں پر قبضہ حاصل کرلیا ہے
اور دارالحکومت بغداد کے قریب گھمسان کی لڑائی جاری ہے ۔ یہی نہیں بلکہ جنگجوؤں نے ملک کی سب سے بڑی آئیل ریفائنری پر بھی حملہ کردیا ہے ۔ ملک میں بدامنی اور تشدد کے اثرات نہ صرف اطراف و اکناف کے ممالک بلکہ ساری دنیا میں مرتب ہورہے ہیں کیونکہ آئیل ریفائنری پر حملے کی وجہ سے تیل کی قیمتیں عدم استحکام کا شکار ہوگئی ہیں۔ سعودی عرب نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال میں فوری تبدیلی نہ آئے تو اس کا اثر علاقہ میں انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔