صنعا ، 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بحیرہ احمر میں غیرقانونی تارکینِ وطن کی ایک کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد ڈوب گئے ہیں۔ تمام افراد ایتھوپیا کے شہری تھے۔ یہ حادثہ اتوار کو پیش آیا۔ نیوز ایجنسی روئٹرز نے یمن کے سکیورٹی حکام کے حوالے سے جنھوں نے شناخت مخفی رکھنے کی خواہش کی ہے، بتایا کہ انسانی اسمگلرز تارکین وطن کو ایک کشتی پر یمن لا رہے تھے کہ وہ بحیرہ احمر میں ڈوب گئی۔ خیال رہے کہ انسانی اسمگلر غیرمحفوظ کشتیوں کو افریقہ کے غیر قانونی تارکینِ وطن کو یمن پہنچانے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ یمن کو مشرقِ وسطیٰ کے امیر ملکوں کا دروازہ خیال کیا جاتا ہے جن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اور مغربی ملک شامل ہیں۔ یمن کے صوبہ تعز میں سکیورٹی حکام نے بتایا کہ ایک چھوٹی کشتی اتوار کو تیز ہواؤں اور بپھری موجوں کے باعث ڈوب گئی۔ یہ حادثہ یمن کی المکہ بندرگاہ کے قریبی علاقے میں پیش آیا۔ رواں برس 42 غیرقانونی تارکین وطن بھی ڈوب گئے تھے۔