بحرین کی اولین خاتون کیپٹن فضائوں میں پہنچ گئی

دبئی 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )بحرین کی قومی ایر لائنس گلف ایر کی اولین خاتون کیپٹن یاسمین فریدون اپنی پہلی تجارتی پرواز کیلئے فضاؤں میں پہنچ گئی۔ کیپٹن یاسمین فریدون 2008 میں گلف ایر میں سیکنڈ آفیسر کی حیثیت سے ملازم ہوئی تھیں ۔ قبل ازیں انہوں نے قطر ایروناٹیکل کالج سے گریجویشن کیا تھا ۔ ضروری پرواز کی مدت کی تکمیل کے بعد انہوں نے ضروری تربیت مکمل کی اور شدید مشقت طلب معائنے مکمل کئے ۔ کامیابی حاصل کرنے کے بعد انہیں مارچ میں کیپٹن کا عہدہ دیا گیا ۔ یاسمین کے اس کارنامے کی جھلک ان کی اس سخت محنت ،نصابی مہارت اور انتھک پختہ ارادہ کا نتیجہ ہے ۔ گلف ایر کے چیف آپریشنس آفیسرس ناصر السالمی نے کہا کہ گلف ایر کا خاندان ایک بحرینی خاتون کو کیپٹن بنتے ہوئے دیکھ کر فخر محسوس کررہا ہے ۔ آج کیپٹن یاسمین فریدون ہماری صفوں میںموجود ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ شعبہ شہری ہوابازی میں اپنا کیریئر شروع کرنے کی خواہش بحرینی خواتین کیلئے وہ ایک مثالی نمونہ ثابت ہوں گے ۔ انہیں بچپن سے ہی فضاؤں میں پرواز کرنے کا شوق تھا اور اسی شوق میں انہیں مجبور کیا کہ ہر چیلنج کا سامنا کریں اور اس سفر کی راہ میں پیدا ہونے والی تمام رکاوٹوں کو دور کریں۔ بحرین کی قومی ایر لائنس کیلئے کیپٹن بن جانا ان کے خواب کی تعبیر ہے اور یہ ایک حقیقت ہے کہ وہ پہلی بحرینی خاتون ہیں جنہیں یہ عظیم اعزاز حاصل ہوا ہے۔