بحرین میں ’’لٹل انڈیا‘‘ کے قیام کی تیاریاں

ایشیائی تارکین وطن سے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب مثبت پیشرفت
دبئی ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بحرین کے شہر مناما میں ایشیائی تارکین وطن کی قابل لحاظ آبادی ہے اور ملک کے تئیں ان کی ذمہ دارانہ طرز زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ہندو مندر کے قریب ’’لٹل انڈیا‘‘ ڈسٹرکٹ کے قیام پر عمل آوری کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ مذکورہ پراجکٹ کا اعلان اس وقت کی وزارت ثقافت نے ماہ اگست میں کیا تھا جسے بحرین کی سیاحتی حکمت عملی سے تعبیر کیا گیا تھا۔ پراجکٹ کو آئندہ تین سال کیلئے کارکرد قرار دیا گیا تھا جس کے تحت باب البحرین اور ہندو مندر کے درمیان کے علاقہ کا احاطہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء گلف ڈیلی نیوز نے سیاحتی امور کے مشیر اور پراجکٹ کے سربراہ حیبا عبدالعزیز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس پراجکٹ کی جانب آہستہ آہستہ پیشرفت کررہے ہیں جہاں ایک بڑی اسٹریٹ قائم کی جائے گی جہاں ایسی دکانات ہوں گی جو ہندوستانی کھانے سربراہ کرے گی اور ساتھ ہی ہندوستانی رنگوں کے تہوار (ہولی) منانے کے انتظامات کے علاوہ تقریباً ہر ہندوستانی امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اب مذاکرات کے ذریعہ اس بات کو قطعیت دی جائے گی کہ اس علاقہ کو اس انداز میں تیار کیا جائے کہ وہ اپنے آپ میں ایک چھوٹا موٹا ہندوستان نظر آئے۔ اس طرح بحرین کے ایشیائی تارکین وطن کے ساتھ جو مستحکم تعلقات ہیں، انہیں مزید مستحکم کیا جائے گا جو ہمیشہ سے ہی تاریخ اور روایت کا حصہ رہے ہیں۔ اس طرح بحرین میں ہی ایک چھوٹے ہندوستان کے قیام کے ذریعہ سیاحوں کو بھی راغب کیا جاسکے گا جو جی سی سی ممالک کا طرہ امتیاز ہوگا۔ گلف کو آپریشن کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔