دبئی۔ 2؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستان نے کام کے لئے یہاں منتقل ہونے والے ماہی گیروں کے تحفظ کے لئے چند رہنمایانہ خطوط تجویز کئے ہیں جب کہ ایک ہندوستانی ماہی گیر قطر کی آبی حدود میں ماہ ستمبر میں ہلاک ہوگیا تھا۔ کارتیکین ٹنگاراسو عمر 40 سال 21 ستمبر کو قطر کی آبی حدود میں ہلاک ہوگیا تھا جب کہ اس کی کشتی کا تصادم قطر کے ساحلی محافظین کے بحری جہاز سے ہوا تھا۔ جہاز کے ارکان عملہ کو قطر میں زیر حراست لے لیا گیا اور ان کی کشتی ضبط کرلی گئی۔ ایسے واقعات کے انسداد کے لئے ہندوستانی عہدیداروں نے چند قواعد کی تجویز پیش کی ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ جن ماہی گیروں کی خدمات کمپنیوں کی جانب سے کرائے پر حاصل کی جاتی ہیں، ان کے ہلاک ہونے کی صورت میں کمپنیوں کو معاوضہ ادا کرنے کا ذمہ دار قرار دیا جانا چاہئے۔ بحرین میں ہندوستانی سفیر موہن کمار نے روزنامہ ’گلف نیوز‘ کو ایک انٹرویو میں یہ اطلاع دی۔