دبئی۔29جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بحرین کے دارالحکومت مناما میں گیس سیلنڈر سے تیار کیا ہوا دیسی ساختہ بم حملہ دہشت گردوں نے کیا جس کی وجہ سے تین ہندوستانی زخمی ہوگئے ۔ روزنامہ ’’گلف ڈیلی نیوز‘‘ کی خبر کے بموجب زخمی سلمانیہ میڈیکل کامپلکس مناما میں روبہ صحت ہے ۔ متاثرین کی شناخت 30سالہ بنوئے بے بی ‘47سالہ جیا بالن مارکوزاور 33سالہ انیل ابراہام کی حیثیت کی گئی ہے ۔ مارکوز کا جسم اور چہرہ ‘ پیٹھ اور ٹانگیں 35فیصد جھلس گئی ہیں ۔ باقی دو افراد کی پیٹھ اور ٹانگیں جھلسی ہوئی ہیں ۔ تینوں افراد کی حالت مستحکم ہیں ۔ ہندوستانی سفارت خانہ کے عہدیداروں نے دواخانہ میں اُن کی عیادت کی ۔ تینوں اس مقام کے قریب ایک عمارت سے روانہ ہورہے تھے جب کہ حملہ آوروں نے سڑکوں کی ناکہ بندی کردی اور ٹائروں کو نذرآتش کیا ۔
آگ جلد ہی ان افراد کی عمارت تک پھیل گئیں ‘ وہ آتش فرو آلہ سے اسے بجھانے کی کوشش کررہے تھے جب کہ گیس کا سیلنڈر پھٹ پڑا اور اس کی کرچیاں اُڑ کر اُن کے جسموں سے ٹکرائیں۔ ایک عینی شاہد نے روزنامہ سے کہا کہ یہ دھماکہ بحرین کے کیرالیا سماجم کے قریب ہوا جہاں کئی خاندان ایک ڈرامہ دیکھنے کیلئے جمع ہوئے تھے ۔ وزارت داخلہ نے توثیق کی کہ تین ایشیائی شہری گیس سیلنڈر دھماکہ سے زخمی ہوگئے ہیں ۔ وزارت نے اسے دہشت گرد کارروائی قرار دیا ۔ دریں اثناء ممنوعہ دہشت گرد گروپ 14فبروری کو قائم کردہ وفاق ایک ٹائر کے اندر پوشیدہ رکھے ہوئے گیس سیلنڈر کی تصاویر کو اپنے ٹوئیٹر پر شائع کرچکاہے ۔ اُن کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی عہدیداروں کو یہ پیغام دینے کیلئے کی گئی ہے کہ وہ اگر بحرینی عبدالعزیز موسیٰ الجبار کو رہا کردیتے تو اُس کی موت واقع نہ ہوتی ۔یہ دہشت گرد 18اپریل کو ہاسپٹل میں سرکے زحموں سے جانبر نہ ہوسکا تھا ۔