مناما ۔ 20 ۔ مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بحرین کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مناما کے مغربی علاقہ میں ہوئے ایک دھماکے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ وزارت کی جانب سے یہ اطلاع سرکاری ٹوئیٹر اکاونٹ پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کرانا نامی علاقہ میں دھماکہ ہوا جبکہ دھماکہ کی وجہ پر کوئی روشنی نہیں ڈالی گئی ہے تاہم پولیس نے جلد ہی کارروائی انجام دیتے ہوئے ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے مخصوص ایک شاہراہ کو بند کردیا ۔ بحرین کو مغرب کی تائید والا ملک کہا جاتا ہے اور یہاں پر امریکہ کا پانچواں بحری بیڑہ بھی موجود ہے ۔ ملک کی شیعہ اکثریت کی جانب سے سنی حکمرانوں کے خلاف ملک کو بدامنی کے چار سال دیکھنے پڑے تھے۔ نوجوان احتجاجی اکثر و بیشتر پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھڑپوں میں ملوث ہوجاتے ہیں جبکہ چھوٹے موٹے بموں کا استعمال کرتے ہوئے بھی سیکوریٹی فورسس کے کئی جوانوں کو ہلاک اور دیگر کئی کو زخمی بھی کیا جاچکا ہے ۔