بحرین میں تین افراد کو سزائے عمر قید

دہشت گردانہ حملوں کے منصوبہ کا الزام
مناما 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مملکت بحرین میں نقص امن پیدا کرنے کی خاطر امن دشمن عناصر اپنے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ یہ لوگ مملکت میں دہشت گردانے حملے کرنے کی سازش رچتے ہیں اور ناپاک منصوبے بناتے ہیں، لیکن بحرینی حکام کی بروقت چوکسی کے نتیجہ میں ان کی تمام سازشوں اور کوششوں پر پانی پھر جاتا ہے۔ مملکت بحرین میں دہشت گردی کو فروغ دینے والے متعدد افراد کو اب تک گرفتار کیا جاچکا ہے اوران کے خلاف مقدمات بھی چلائے جارہے ہیں۔ درجنوں دہشت گردوں کو خاطی پاکر برسوں کی سزائے قید سنائی گئی ہے۔ پیر کو ایسے ہی ایک واقعہ میں بحرین کی ایک عدالت نے تین افراد کو اسلحہ رکھنے کی پاداش میں سزائے عمر قید سنائی ۔ ان مجرمین کے بارے میں بتایا گیا کہ لوگ دراصل ان اسلحہ کو دہشت گردی کی ایک سازش و منصوبہ کو عملی شکل دینے کے لئے استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ ملزم نمبر ایک کو علاقہ سترا میں گرفتار کیا گیا، جہاں پولیس نے اس کے اپارٹمنٹ سے آتشی اسلحہ اور دھماکو مادہ برآمد کئے تھے۔ پراسیکویٹر احمد الحمادی کے مطابق یہ شخص دہشت گردانہ حملہ کے لئے ان اسلحہ کے استعمال کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ اس مقدمہ میں ملوث ہونے کی پاداش میں دیگر دو افراد کو بھی جیل بھیج دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتہ بھی بحرین میں تین افراد کو دو سال قبل احتجاج کے دوران ایک جس پر حملہ کے مقدمہ میں سزائے عمر قید سنائی گئی جبکہ اس مقدمہ میں ایک اور ملزم کو 15 سال قید کی سزا دی گئی ۔