بحرین میں بم دھماکہ ‘ کوئی جانی نقصان نہیں

دبئی ۔5فبروری ( سیاست ڈاٹ کام)  بحرین کے دارالحکومت میں آج ایک سڑک کے کنارے بم دھماک ہوا ‘ تاہم کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔ حکومت نے اسے دہشت گرد کارروائی قرار دیا ۔ وزارت داخلہ نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ بدایا اسٹریٹ پر دہشت گرد کارروائی کی گئی جس میں کئی کاروں کو نقصان پہنچا ‘ تاہم کوئی ہلاک نہیں ہوا ۔ اس تعلق سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی  ۔بحرین میں 2011ء میں شیعہ زیرقیادت احتجاجی مظاہروں کے آغاز کے بعد سے بدامنی کی کیفیت پائی جاتی ہے ۔یہاں پر سنی حکومت اقتدار پر ہے اور تقریباً دو صدیوں سے الخلیفہ خاندان کا اقتدار چلا آرہا ہے ۔ تاہم ملک کی آبادی شیعہ اکثریت پر مشتمل ہے اور اُن کی یہ شکایت ہے کہ حکومتی سطح پر شیعہ طبقہ کو نظرانداز کیا جارہا ہے ۔ بحرین میں گذشتہ ماہ ایک پولیس عہدیدار کی ہلاکت کے ذمہ دار تین مجرمین کو پھانسی دی گئی تھی ۔