بحرین میں احتجاجی مظاہرے ،شاہ حماد کے خلاف نعرے

دبئی ۔ 14 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) بحرین پولیس نے آج ہزاروں احتجاجیوں کو آنسو گیس کا استعمال کرتے ہوئے منتشر کردیا جو ملک میں بغاوت کے چار سال مکمل ہونے پر آج سڑکوں پر نکل آئے تھے ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مرد و خواتین کی کثیرتعداد پوٹریٹس اپنے ہاتھوں میں لئے ہوئے تھی جو محروس افراد کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے اور ساتھ ہی ساتھ ملک کے فرمانروا حماد ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگارہے تھے ۔ پولیس کی بھاری جمعیت کو احتجاج کے پیش نظر تعینات کیا گیا تھا۔ ملک کے دیگر کئی مقامات پر بھی سکیورٹی سخت کردی گئی تھی ۔ احتجاجیوں کو دارالحکومت منامہ کی سمت بڑھنے سے روک دیا گیا جہاں 2011 ء میں باغیانہ سرگرمیاں عروج پر تھیں۔ احتجاجیوں نے ٹائرس نذر آتش کئے اور کچرے دان ، پتھر و درختوں کی شاخوں کے ذریعہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی تھی ۔ پبلک سکیورٹی کے سربراہ میجر جنرل طارق الحسن نے احتجاجیوں کو خبردار کیا اور کہا کہ دہشت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انھوں نے ملک میں سکیورٹی و استحکام کو متاثر کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا انتباہ دیا ۔