نلگنڈہ کیلئے محمد یوسف، سوریا پیٹ کیلئے پیدی ریڈی، بھونگیر سے شوبھا رانی نئے صدور نامزد
نلگنڈہ۔/13 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں شدید بحران سے دوچار تلگودیشم پارٹی کی سرگرمیوں کا آغاز اور اپنے وقار کو بحال کرنے کیلئے تین اضلاع متحدہ ضلع نلگنڈہ کے نئے صدور اور اسمبلی حلقہ انچارج کے ناموں کا ریاستی تلگودیشم پارٹی نے اعلان کیا ہے ، پارٹی ذرائع کے مطابق ضلع نلگنڈہ کیلئے پارٹی کے سینئر قائد جناب محمد یوسف، سوریا پیٹ کیلئے پیدی ریڈی، راجا ضلع بھونگیر کیلئے شریمتی شوبھا رانی کے علاوہ حلقہ اسمبلی نلگنڈہ کیلئے پارٹی انچارج مسٹر ایم سرینواس گوڑ کو نامزد کیا گیا۔ واضح رہے کہ اندرون ایک سال پارٹی سے اپنی ہمدردی اور سرگرمیوں سے پارٹی اعلیٰ قائدین اپنے آپ کو دور رکھتے ہوئے دو ماہ قبل پارٹی کے تمام سینئر قائدین اپنی وفاداریاں تبدیل کرتے ہوئے برسراقتدار جماعت اور اہم اپوزیشن جماعت میں شامل ہوگئے۔ سینئر قائدین کی علحدگی کے بعد عملاً ضلع میں پارٹی سرگرمیاں ٹھپ تھیں، ضلع میں پارٹی کے وقار کو بحال کرنے اور پارٹی کارکنوں کو متحرک کرتے ہوئے پارٹی کو مستحکم بنانے کی غرض سے ریاستی پارٹی نے فیصلہ کرتے ہوئے ضلع کے سینئر قائد و وفادار سمجھے جانے والے ضلع نلگنڈہ کے دامر چرلہ منڈل کے موضع واڈے پلی کے ساکن جناب محمد یوسف جو 1985 سے تلگودیشم پارٹی سے وابستہ رہتے ہوئے کئی ایک سرکاری و پارٹی کے عہدوں پر فائز رہتے ہوئے اپنا ایک مقام اور شناخت رکھتے ہیں کو ضلع صدر کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ۔ ضلع کے ایک اور سینئر قائد جو بی سی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور پارٹی سرگرمیوں میں ہر وقت آگے رہتے ہوئے پارٹی کو ضلع میں مستحکم بنانے پر توجہ دینے والے مسٹر پی سرینواس گوڑ کو حلقہ اسمبلی انچارج کی حیثیت سے مقرر کیا گیا ہے۔ ان قائدین نے پارٹی کی جانب سے دی گئی ذمہ داری کو بخوبی نبھانے اور آئندہ انتخابات تک ضلع میں پارٹی کے موقف کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور قومی صدر و چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کیا۔