نئی دہلی ۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد اوسط آمدنی والے طبقہ (میڈل کلاس) کا دل جیتنے کیلئے توقع ہے کہ وزیر فینانس ارون جیٹلی /28 فبروری کو ’’عام آدمی دوست‘‘ بجٹ پیش کرتے ہوئے نہ صرف ٹیکس سے استثنی کی حد میں اضافہ کریں گے بلکہ بچتوں میں سرمایہ کاری کی حد میں بھی توسیع کی جائے گی ۔ وزیر فینانس ، انفرادی ٹیکس دہندگان کو چند رعایتیں اور ترغیبات دینے کے علاوہ توقع ہے کہ کارپوریٹ ادادروں کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے نئے اقدامات کا اعلان بھی کریں گے ۔ ’’میک ان انڈیا‘‘ (ہندوستان میں بناؤ) مہم کے ایک حصہ کے طور پر صنعتی پیداوار کو فروغ دیا جائے گا جس کا مقصد ہندوستان کو صنعتی اشیاء کی پیداوار کا عالمی مرکز بناتے ہوئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنا ہے ۔ مسٹر ارون جیٹلی نے جولائی 2014 ء میں اپنا پہلا بجٹ پیش کیا تھا ۔ اس وقت بھی انہوں نے انفرادی ٹیکس دہندگان کو راحت دی تھی اور بی جے پی حکومت کی طرف سے ہفتہ کو پیش کئے جانے والے پہلے کامل بجٹ میں بھی یہ عمل جاری رکھا ہے ۔