جولائی کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں ریاستی بجٹ پیش کرنے کا منصوبہ : کمارا سوامی
بنگلورو ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) مکمل ریاستی بجٹ پیش کرنے پر کانگریس اور جے ڈی ایس کے درمیان اختلافات کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کرناٹک کے چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج کہا کہ وہ جولائی کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں ایک نیا بجٹ پیش کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ کمارا سوامی نے یہاں صحافت سے ملاقات پروگرام میں کہا کہ ’’یہ سدارامیا کی شخصی تجویز ہے اور اس پر آئندہ دو دن میں منعقد ہونے والی وزراء کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیلئے غور کیا جائے گا۔ یہ میٹنگ بجٹ کی تیاری کے سلسلہ میں منعقد ہوگی۔ سابق چیف منسٹر اور کانگریس۔ جے ڈی ایس کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیرمین سدارامیا نے گذشتہ ہفتہ ایک نئے مکمل بجٹ کی پیشکشی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کا تجربہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سدارامیا نے کہا تھا کہ انہوں نے چند ماہ قبل بحیثیت چیف منسٹر بجٹ پیش کرچکے ہیں۔ تاہم کمارا سوامی نے ایک نئے بجٹ کی پیشکشی پر زور دیا ہے اور اس مسئلہ پر کل نئی دہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ہوئی ملاقات کے دوران بات کی ہے اور بعد میں کہا کہ انہیں اس کیلئے ان کی اجازت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی مخلوط حکومت جولائی کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں اس کا پہلا بجٹ پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کمارا سوامی نے کسانوں کو یہ تیقن بھی دیا کہ زرعی قرض کی معافی کیلئے ان کی حکومت کے وعدہ کو ایک ’’سائینٹفک طریقہ‘‘ سے پورا کیا جائے گا۔