نئی دہلی 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن پیر سے شروع ہورہا ہے جس میں مہنگائی پر گرما گرم مباحث کا امکان ہے کیونکہ اپوزیشن ارکان نے لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن کی جانب سے منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں اس موضوع پر زیادہ وقت دینے کی خواہش کی ۔ جنگ سے متاثرہ عراق میں ہندوستانی شہریوں کے حالات پر بھی حکومت دونوں ایوان میں بیان دے گی۔ وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے آج ظہرانہ کے بعد یہ بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عام بجٹ، ریلوے بجٹ پیش کریں گے اور قومی اہمیت کے حامل موضوعات پر بھی مباحث ہوں گے اس کے علاوہ حکومت عراق میں ہندوستانی شہریوں کے حالات کے بارے میں بیان دے گی ۔ وزیر امور خارجہ سشما سواراج دونوں ایوانوں میں اس تعلق سے بیان دیں گی۔ مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ قائدین نے قیمتوں میں اضافہ، ریل کرایوں میں اضافہ اور ٹامل ماہی گیروں کی حالت زار پر مباحث کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ یہ بجٹ سیشن 14 اگست کو اختتام پذیر ہوگا ۔