نئی دہلی 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)بجٹ سیشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہوچکا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے مرحلے میں تمام پارٹیوں کے تعاون کی ستائش کی۔ انہو ںنے توقع ظاہر کی کہ یہ تعاون جاری رہے گا ۔ پارلیمنٹ کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہو ںنے کہا کہ بجٹ سیشن کے پہلے مرحلے کے غیر متوقع نتائج دیکھے گئے ۔اس کے علاوہ تمام جماعتوں کے تعاون کی وجہ سے یہ سیشن کئی سال کے بعد کامیاب ثابت ہوا ۔ اس کیلئے وہ تمام پارٹیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہیں یقین ہے کہ دوسرے مرحلے میں بھی مباحث کی سطح بڑھے گی اور عام آدمی کی توقعات کے مطابق یہ سیشن نتیجہ خیز رہے گا ۔ تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون سے اچھے فیصلے کئے جائیں گے اور ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔ قبل ازیں نریندر مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انہیں بجٹ سیشن نتیجہ خیز ہونے کی توقع ہے جس میں کئی موضوعات پر تعمیری مباحث ہوں گے ۔بجٹ سیشن 8 مئی کو ختم ہوگا ۔ راجیہ سبھا کا نیا سیشن 23 اپریل سے شروع ہوگا او ریہ 13 مئی تک جاری رہے گا ۔ بجٹ سیشن کی بحالی پر نریندر مودی نے کل بھی یہی بات کہی کہ پارلیمنٹ کے نتائج جب سے اُن کی حکومت اقتدار پر آئی ہے 125 فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔