ایک لاکھ سے زائد جائیدادوں کی نشاندہی ، وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کا ادعا
حیدرآباد۔/6فبروری، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے کہا کہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد تلنگانہ میں سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا جائے گا۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت نے ایک لاکھ سے زائد مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے جن پر مرحلہ وار انداز میں تقررات کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ پبلک سرویس کمیشن نے تقررات سے متعلق امتحانات کے نصاب کی تیاری کا کام مکمل کرلیا ہے اور اسے حکومت کی جانب سے تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران نوجوانوں نے ملازمت کے مواقع کے حصول کی امیدیں وابستہ کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے بعد حکومت مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے پبلک سرویس کمیشن کو اجازت دے گی۔ انہوں نے کہاکہ چندر شیکھر راؤ تلنگانہ ریاست کو ملک کی ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران عوام نے سنہرے تلنگانہ کا جو خواب دیکھا تھا اسے حکومت پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے کبھی بھی اقتدار کیلئے جدوجہد نہیں کی بلکہ اس کا مقصد تلنگانہ کی ہمہ جہت ترقی اور عوامی بھلائی رہا۔ یہی وجہ ہے کہ ریاست کی تشکیل کے بعد چندر شیکھر راؤ نے عوام کی فلاح و بہبود کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔