بتکماں تہوار کا جوش و خروش سے انعقاد

نارائن پیٹ میں مسلم خواتین نے بھی حصہ لیا
نارائن پیٹ 28 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )نارائن پیٹ ڈیویژن مستقر پر بلدیہ نارائن پیٹ کے زیر اہتمام بتکماں تہوار بڑے دھوم دھام سے منایا گیا نئی ریاست تلنگانہ میں پہلی مرتبہ بتکماں تہوار کو لیکر عوام میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا ۔ بلدیہ کی جانب سے انعامات بھی رکھے گئے تھے ۔ بتکماں کے گلدستوں کو خوبصورتی سے سجانے پر پہلا انعام 1500 روپئے ،دوسرا انعام 1000 روپئے اور تیسرا انعام 500 رکھا گیا تھا۔ مسلم خواتین بھی اس بکتماں تہوار میں حصہ لے کر اپنے سروں پر پھولوں کو سجا کر بونال جلوس میں شریک ہوئیں ۔ بلدیہ کے وسیع کمپاونڈ میں اس کا اختتام اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر نشین بلدیہ شریمتی انسویا چندر کانت و دیگر خاتون ارکان بلدیہ معاون ارکان بلدیہ نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر شریمتی انسویا چندر کانت نے کہا کہ بکتماں تہوار ریاست تلنگانہ کی تہذیب کا حصہ ہے اور اس تہوار میں بلا لحاظ مذہب و ملت تمام خواتین نے حصہ لے کر ریاست کی روایتی تہذیب و تمدن کو زندہ کیا ہے اور یہ تہوار آئندہ اور بڑے دھوم دھام سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر خاتون ارکان بلدیہ و معاون ارکان بلدیہ محترمہ شاہدہ بیگم و دیگر نے شرکت کی ۔