بایاں بازو کی طاقتوں کو متحد کرنے کی کوششیں جاری

کولکتہ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے کہاکہ بڑی بائیں بازو کی پارٹیوں اور گروپس کو متحد کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ ملک میں بائیں بازو کے اتحاد کو استحکام حاصل ہوسکے۔ یکم نومبر کو نئی دہلی میں بائیں بازو کی پارٹیوں کا اجلاس منعقد ہے جس میں اِس مقصد کے لئے حکمت عملی کا تعین کیا جائے گا۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ مختلف بائیں بازو کی پارٹیوں سے آئندہ اجلاس کے لئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ کرت نے کہاکہ جلد ہی سی پی آئی (ایم) وسیع البنیاد پلیٹ فارم بائیں بازو کی پارٹیوں کیلئے فراہم کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک گیر سطح پر سیاست کو فرقہ پرست رنگ دینے کی برسر اقتدار بی جے پی کی کوششوں کی مزاحمت کے لئے شدید تحریکیں چلائی جائیں گی۔

فارورڈ بلاک کے لیڈر نے کہاکہ بایاں محاذ میں شامل اور اِس سے باہر بائیں بازو کی طاقتوں کو کل کے اجلاس میں شرکت کرنا چاہئے تاکہ مغربی بنگال میں بایاں بازو متحد ہوسکے جہاں پر بی جے پی اہم اپوزیشن کی جگہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ سی پی آئی (ایم) کے ہیڈکوارٹرس پر منعقدہ اجلاس میں بایاں محاذ سے باہر کی بائیں بازو کی پارٹیوں ایس یو سی آئی ۔ سی ، سی آر ایل آئی، سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن اور سی پی آئی ۔ ایم ایل سنتوش رانا گروپ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اجلاس کا مقصد وسیع تر اتحاد بائیں بازو کی طاقتوں میں قائم کرنا اور فرقہ پرست قوتوں سے متحدہ طور پر مقابلہ کرنا ہے۔ مرکزی کمیٹی کے رکن حافظ علی سیرانی نے اِس کی اطلاع دی۔