باہمی ہند ۔ پاک کرکٹ سیریز کے احیاء پر تبادلہ خیال

ایڈن برگ آئی سی سی کانفرنس میں انوراگ ٹھاکر سے شہریار خاں کی بات چیت اور تجاویز کی پیشکشی
کراچی۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین شہریار خاں نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) میں اپنے ہم منصب کے ساتھ غیرجانبدار مقامات پر باہمی کرکٹ تعلقات کی بحالی کے امکانات کا بشمول کئی اہم موضوعات پر ثمرآور تبادلہ خیال کیا ہے۔ پی سی بی میں معتبر ذرائع کے مطابق شہریار خاں نے بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر سے رواں ہفتہ ایڈن برگ میں جاری آئی سی سی اجلاسوں کے موقع پر ملاقات کی اس دوران انہوں نے باہمی کرکٹ تعلقات کے احیاء کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ ذرائع کے مطابق ’’یہ تجویز بھی رکھی گئی کہ غیرجانبدار مقامات پر باہمی سیریز کیلئے ایک باقاعدہ نظام الاوقات کی تیاری کیلئے دونوں بورڈ مشترکہ طور پر کام کریں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ایک تجویز یہ بھی تھی کہ دونوں ملکوں کو دو سال میں ایک مرتبہ مکمل سیریز کھیلنا چاہئے۔ پی سی بی کے سربراہ نے کہا کہ ’’بی سی سی آئی کی جانب سے سیریز کی میزبانی کی باری آنے کے موقع پر پاکستان، ہندوستان میں کھیلنے کیلئے آمادہ ہوسکتا ہے اور میزبانی کے لئے جب پاکستان کی میزبانی کا وقت آئے تو ہم کسی غیرجانبدار مقام پر اس کے انعقاد کیلئے تیار ہوسکتے ہیں‘‘۔

ذرائع نے کہا کہ دونوں بورڈس کے سربراہان نے اواخر 2016ء یا پھر 2017ء کے دوران کسی وقت مکمل باہمی سیریز کے انعقاد کیلئے متعلقہ حکومتوں سے منظوری کے حصول کیلئے بات چیت کی ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق ’’شہریار نے یہ واضح کردیا ہے کہ 2007ء سے ہندوستان نے باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے جس کے نتیجہ میں پی سی بی کو بھاری مالی خسارہ ہوا ہے چنانچہ اب وقت آگیا ہے کہ آئی سی سی کی ثالثی میں دونوں بورڈس کوئی مناسب سمجھوتہ پر پہونچیں‘‘۔ پاکستانی ٹیم ڈسمبر 2012ء کے دوران ایک مختصر ونڈے سیریز کے لئے ہندوستان کا سفر کرچکی ہے لیکن 2007ء سے دونوں ٹیموں کے درمیان تاحال کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جاسکی ہے۔ پی سی بی اس کوشش میں مصروف ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے 2014ء میں دونوں بورڈس کے مابین طئے شدہ یادداشت مفاہمت کا احترام کیا جائے۔ نجم سیٹھی کی موجودگی میں دستخط شدہ اس سمجھوتہ کے تحت پاکستان کو اواخر 2015ء کے دوران متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کے ساتھ مکمل باہمی سیریز کی میزبانی کرنے سے اتفاق کیا گیا تھا لیکن بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ حکومت کی منظوری کے بغیر وہ اس کھیل میں حصہ نہیں لے سکتی۔ اس یادداشت مفاہمت کے تحت دونوں ملکوں کو 2015ء تا 2023ء چھ باہمی سیریز کھیلنا تھا۔ ذرائع نے کہا کہ شہریار خاں نے ہندوستانی بورڈ کی طرف سے متحدہ عرب امارات میں منی آئی پی ایل سیریز کھیلنے کی ایک تجویز بھی پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ مجوزہ سیریز پاکستان کی کسی گھریلو سیریز یا پھر پاکستان سوپر لیگ سے متصادم نہیں ہوگی۔